amir khan

 کپل شرما گیارہ برس سے کامیڈی شو کر رہے ہیں۔ عامر خان پہلی بار ان کے شو میں تشریف لائے۔ کپل کا شو گو کہ تسلسل کے باعث اب خاصی یکسانیت کا شکار ہے اور ان کی کامیڈی بھی اب سطحی نوعیت کی رہ گئی ہے بالخصوص نیٹ فلیکس کے آنے کے بعد تو اس میں +18 پلس کانٹینٹ بھی شامل ہو گیا ہے۔

خیر، ذکر تھا عامر خان کا۔ عامر اپنے کام کے ایک مخصوص انداز کے باعث تو معروف ہیں ہی، ان کی شخصیت بھی خاصی منفرد ہے، یہی انفرادیت انہیں اپنے معاصر اسٹارز سے ممتاز بھی بناتی ہے۔ جیسے کل کے شو پر بھی ان کی شخصیت طاری رہی۔ کپل شرما ان کے سامنے دبا دبا سا رہا۔ تقریباً آدھا شو نہایت سنجیدہ گفتگو پر مبنی رہا۔
اسی سنجیدہ گفتگو میں سے ان کی ایک بات آج خاصی وائرل رہی، کئی پیجز اور پروفائلز پہ شیئر ہوئی۔ کپل نے ان سے پوچھا، “آپ نہ کسی ٹی وی پروگرام میں جاتے ہیں، نہ ایوارڈ شو میں جاتے ہیں، نہ تقریبات میں جاتے ہیں تو آخر آپ جاتے کہاں ہیں؟” اس پر عامر نے کہا، “میں کہیں نہیں جاتا، گھر پر ہی رہتا ہوں اور کتابیں پڑھتا ہوں۔ مجھے کتابیں پڑھنا پسند ہے۔”
اندازہ کیجیے۔ دنیا کی ایک بڑی فلم انڈسٹری کے ایک بڑے اسٹار کی مصروفیت کا ایک بڑا حصہ کہاں گزرتا ہے؟ “آج کل کے مصروف دور میں کتاب پڑھنے کا وقت کس کے پاس ہوتا ہے بھئی؟” یہ فضول ترین آرگیومنٹ آپ کو صرف ہمارے ہاں ہی سننے کو ملے گا اور ایسے لوگوں سے سننے کو ملے گا جن کے معمولات میں “نوکری” کے سوا شاید ہی کوئی تخلیقی سرگرمی شامل ہو۔
آپ کو آئندہ کتاب کے لیے وقت نہ مل رہا ہو تو خود کو یہ سمجھا کر ہی قائل کر لیں کہ بھائی، تو عامر خان سے زیادہ مصروف شخص تو نہیں!!

Leave a Comment