racing in pakistan 2024


  اور جدوجہدِصاحبزادہ سلطان


محمد رضوان


حصہ چہارم


پُر خلوص میزبان: صاحبزادہ سلطان


صاحبزادہ سلطان ریسرز کو یکجا و متحد کرنے کی بھرپور جدوجہد کرتے نظر آتے ہیں، ریسرز کو اپنے ہاں پُرجوش و خوش دلی سے مدعو کرتےہیں، سپورٹس مین شپ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے آنے والےریسرز کو اپنے تجربات سے ریس کی مہارتوں، ٹریکس کی بجھارتوں، گاڑی بنانے، ریس میں دوڑانے سے متعلق پُرخلوص مشوروں سے مستفید کرتے ہیں- اکثر کہتے ہیں کہ ایک دوسرے کی معاونت کرنا، اچھے مشورے دینا، تجربات کو شئیر کرنا، کھیل کے اصول و ضوابط اور قوانین کا احترام کرنا ہی موٹر اسپورٹس کے فروغ میں کارگر ثابت ہوتا ہے- صاحبزادہ سلطان کا ماننا ہے کہ ہم سب ایک ٹیم ہیں، ہم دوست ہیں، ہم بھائی ہیں، ہمارا واحد مقصد پاکستان کے پرچم کو کھیل کے اس میدان میں بلند سے بلند تر کرنا ہے- دنیائے عالم کو پاکستان کا خوبصورت چہرہ دیکھانے کے لئے اپنے حصے کی شمع جلانی ہے یہ پیغام دیناہے کہ ہم پُر امن، خوش اخلاق اور مہمان نواز لوگ ہیں-

پاکستان میں کھیلوں کے لئے سازگار ماحول، پُرامن فضا اورخوبصورت میدان موجودہیں-


“صاحبزادہ سلطان ” فریق کو رفیق، حریف کو حلیف ،مدِمقابل کو مقابل بٹھاکر” حلقہ یاراں” کی عمدہ مثالیں پیش کرتے نظر آتے ہیں- دوران ریس ایک دوسرے پر سبقت لے جانے میں ایڑی چوٹی کا زور لگانے والے ریسرز، کیمپ میں کندھے سے کندھا لگائے، ہونٹوں پہ مسکراہٹ سجائے، تحقیرکو توقیر، نفرت کو الفت، نفاق کو اتفاق، مخالفت کو مطابقت، اختلاف کو التفات، مقابلہ کو معانقہ میں بدل کر خوش گپیوں میں مگھن، دن بھر کی تھکن اتارتےہم مجلس، ہم نوالہ و ہم پیالہ ہوتے ہیں اور یہی اس کھیل و کھلاڑیوں کی خوبصورتی ہے- یوں گماں ہوتا ہے جیسے انواع و اقسام کے پھولوں کا گلدستہ ہے-

Leave a Comment